اردو پیڈ اردو ای میل محفلِ موسیقی بات سے بات محفلِ مشاعرہ شاعری تصویری کارڈ فلیش کارڈ سرورق
نئی آمد | تازہ اضافہ | تلاش کریں

اردو ویب سائٹ بنائیں اور خوب کمائیں
 تحریر: امجد شیخ

آج کل آپ لوگوں کو "خوب پیسہ کمانے" والی ویبسائٹس ای میل کے اشتہارات کی شکل میں بکثرت موصول ہو رہی ہونگی ۔ اور اب یقینا آپ یہ سوچ رہے ہونگے کہ میں بھی کوئی ایسا ہی منتر سِکھانے چلا ہوں؟

نہیں بلکل نہیں ۔ غلط سوچ رہے ہیں آپ ۔۔۔ ویسے یہ سو فیصد صحیح بات ہے ۔ بس آدمی کو مناسب گُر آنا چاہیے ۔ یہ تو آپ کو  معلوم ہی ہوگا کہ اگر کیمیائی ترکیب میں ایک آنچ کی کسر رہ جائے تو سونا بننے کی بجائے راکھ ہاتھ آتی ہے ۔ اور بڑی کمبخت محسوس ہوتی ہے یہ راکھ ۔ تصور کی آنکھ سے بعض اوقات آدمی کِسی بزرگ کے سامنے دوزانو ہو کر ہانڈی میں سے دگنے نوٹ نکلنے کا منتظر بھی ہوا ہے ۔ مگر بعد از انتظار عموما? اصل زر کی جگہ ریت ہی نکلتی ہے اور کبھی کبھار آ نکلتی ہے پولیس ۔

خیر یہ تو حال ہے دُنیا کا ۔ ہم تو آپ کو بتانے جا رہے ہیں انٹر نیٹ پر دُگنا اور چوگنا کرنے کی تقریب وہ بھی اردو کے ذریعے سے ۔ ہے نا چُپڑی اور دو دو والی بات ! اور وہ بھی قومی زبان میں ۔ واہ واہ اللہ تیری شان

اردو ویب سائٹ کے لئے سب سے پہلے آپکو ایک عدد نام چایئے ۔ کوشش کریں کہ نام میں اردو کا حوالہ ضرور آئے، مثلاٌ اردوجان اردوجال ، اردو باادب وغیرہ وغیرہ ـ آپ اردو اور انگلش کے الفاظ ملا کر بھی نام گھڑ سکتے ہیں ۔ جیسے اردو وائف ، اردوٹرنگ، پوانٹ ، وغیرہ وغیرہ ـ ویب سائٹ کا نام لفظ اردو اور ہندسوں کو بھی ملا کر بھی بنایا جا سکتا ہے ۔ جیسے اردو پانچ سات ، اردو نو دو گیارہ ، اردو چار سو بیس ، وغیرہ وغیرہ ۔ یہ آخری مجوزہ نام بہت ہی مناسب ہوگا کیونکہ اگر سائٹ کا مقصد ہی چارسوبیسی ہے تو نام خوب فٹ ہو گا ۔ ویسے یار دوستوں نے عربی اور انگلش کے درمیان اپنا نام جما کر بھی ویبسائٹس بنا رکھی ہیں ۔ جیسے الامجد اون لائن ، قَالِعمران سٹی ۔ لا دین ورلڈ ، وغیرہ وغیرہ ۔

لیجیے ان تمام ناموں میں سے قرعہ فال نکلا اردو چارسو بیس کے نام پر ۔ اب آتا ہے اگلا مرحلہ یعنی ویبسائٹ بنانے کا کام ۔ کچھ ٹوٹا پھوٹا کام تو آتا ہی ہوگا ۔ بس اُسی کا سہارا لے کر شروع چار سو بیسی ویبسائٹ ہو جائے ۔ اگر اردو ٹائپ آتی ہے تو کیا کہنا ورنہ رومن اُردو زندہ باد ۔ بعد میں ایک اکلوتا نہیں کئی اردو ٹائپسٹ بھی رکھے جا سکتے ہیں ۔

آپ کوشش کریں کہ آپ کی ویبسائٹ ذرا بڑی بڑی دِکھائی دے ۔ ورلڈ وائڈ ویب پر خواہ مخواہ کے لنکوں کی اِسی نیک کام کے لئے بھرمار ہوتی ہے ۔ وہاں سے جس کو جی چاہے پکڑیے اور اپنی چار سو بیسی ویبسائٹ پر ڈالتے جائیے ۔ بھلے اگلے صفے پر تعمیرِ صفحات جاری ہے کا نوٹس بھی لگا دیں ۔ کیا ہرج ہے ۔ اِس سے آپکا اور آپکی ویبسائٹ کے اِن ہماک اور جاری و ساری ہونے کا پتہ چلتا رہے گا ۔ یا پھر کسی دوسری سائٹ کا لنک ڈال دیجیے ۔ جیسے پاکستان ٹیلی فون ڈائریکٹری ۔ اگر وہ لنک کسی کو پی ٹی ایل سی کی سائٹ پر لے جاتا ہے یا کسی اور "رنگین جگہ" کی سیر کرا دے تو آپ کی بلا سے ۔ آپ کا اِرادہ تو نیک ہی تھا اور ابھی بھی ہے ۔

 لیجئے صاحب ۔ اردو چار سو بیس ویبسائٹ تیار ۔ جس میں ہاتھی کے تمام دانت دکھانے کے ہی ہیں اور دانت بھی اتنے بڑے بڑے کہ بیچارہ ہاتھی ان کے سامنے محض ایک بونا لگے ۔ ایک بات کا خیال رہے کہ آپکی اردو سائٹ پر فلمی صفحہ ضرور ہونا چائیے۔ جس میں شیما ، بےزار ، بھرکس وغیرہ کی تازہ مصروفیات کی تفصیلات کے ساتھ ساتھ اُن کی بڑی بڑی رنگین تصاویر بھی ہوں ۔ کہ اِس سے بہتوں کا بھلا ہوگا ۔ یہ بھی آپ کے نیک اِرادے اور خدمتِ خلق کی بھرپور عکاسی کرے گی ۔

اب رہا ویبسائٹ کا ایک عدد تعارف ۔ ایک جاندار قسم کا صفحہ اپنے بارے میں لکھیے ۔ لِکھنا نہ آتا ہو تو کِسی سے لِکھوانے میں بھی کوئی ہرج نہیں ۔ آخر نیت تو نیک ہے نا ۔ چند مشہور شعرا اور نثر نِگاروں کے نام تبرکاً ? اور بطور ادارتی ممران بمع انکی تصاویر اور ای میل پتہ جات کے اپنی اِس ویبسائٹ پر شائع کر دیں ۔ ایک صفحہ صرف اور صرف اشتہارات کے بارے میں اور اشتہارات پر مُشتمل ہو ۔ اِس صفحے پر اشتہاروں کے ریٹ کچھ یوں ہو سکتے ہیں ۔

مرکزی صفحہ پر اشتہار پانچ ہزرا روپے ماہانہ ۔ اندرونی صفات پر پانچسو روپے ماہانہ
 پہلے دس مشتہرین کے اشتہاروں کے لئے دس فیصد رعایت عالیہ ۔

لیجئیے صاحب یہ مسئلہ بھی حل ہو گیا ۔ اب آپ کے پاس نہ صرف ایک اپنی اردو ویبسائٹ موجود ہے بلکہ ملک کے کئی نامور ادیب ، چاہے ان کے گمان میں بھی نہ ہو، آپ کی سائٹ کے لئے دِن رات نہایت فرمنانبرداری کے ساتھ کام کرتے ہیں ۔ آپکی نیت تو نیک ہے نا

اب باری آتی ہے افتتاح کی ۔ اِس تقریبِ افتتاح کا مناسب بندوبست ہونا چاہیے ۔ اب پہنچ جائیے کیسی ٹھیکیدار یا مل اونر کے پاس ۔ یہ صاحب ان پڑھ ہوں تو بڑے کام آئیں گے ۔ آپکے لئی یہی سودمند ہو گا کہ ان صاحب کی تعلیم کا گراف زمین سے اور آمدنی کا گراف آسمان سے باتیں کرتا ہو ۔ آپ انہیں یقین دِلایے کہ واللہ ان کی وساطت سے آپ اردو کی دُنیا میں کیا انقلاب برپا کرنا چاہتے ہیں ۔ اور کہ اُن کا نام کسی سے بھی ایرے غیرے نتھو خیرے سے کم نہیں اور مزید یہ کہ اُنکا نامِ گرامی ضرور اُردر ادب اور پاکستان کی تاریخ کا حصہ بنے گا ۔ ساتھ ہی ویبسائٹ کی چارسوبیسی ڈور باندھے رسمِ افتتاح کے لئے اُنہیں مہمانِ خصوصی بنانے کا دانہ فراخدِلی سے اللہ کا نام لیکر پھینک ہی دیجئیے ۔شواہد یہی بتلاتے ہیں کہ وہ شخص تقریب اِفتتاح اور آپ کی ویبسائٹ کے ابتدائی اخراجات برداشت کر نے پر آمادہ ہو جائیں گا ۔ اپنے خون پسینے کی کمائی کا پہلا چیک اُن سے وصول کیجئے اور ہو سکے تو ہمیں دُعائیں دیجیے ۔

تقریبِ افتتاح پر مقامی پریس کو مدعو کرنا مت بھولیئے ۔ اور اگر کوئی توپ خاں کالم نویس تشریف لے ہی آئیں تو ان کو متاثر کرنے میں کامیابی آپ کا فرضِ اول ہے ۔ آپکی اردو ویبسائٹ اب مکمل طور پر اُڑنے کو تیار ہے ۔ جس کا افتتاح جناب نتھے خان سوتلی والے کے مبارک ہاتھوں سے ہوا ہے ۔ اگلے روز اخباروں میں اس کا خوب چرچا ہوگا ۔ لوگ باگ سوچتے ہوئے آئیں گے ۔ کیا خوب نام ہے اردو چارسوبیس ۔ چلو ہم بھی زیارت کو چلتے ہیں ۔

(اختتام حصہ اول)  

واپسی

اپنے احباب کو یہ صفحہ بھیجیں
جملہ حقوق بنام اردو لائف محفوظ ہیں۔ نجی پالیسی ہمارے بارے میں استعمال كی شرا ئیط ہمارا رابطہ